بالی وڈ کے سپر اسٹار اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ ان کی آخری فلم لال سنگھ چڈا کو بنانے میں بہت سی غلطیاں کی گئی تھیں، ادکار کا کہنا تھا کہ فلم کی ناکامی نے انہیں ذہنی اور جذباتی طور پر بہت پریشان کیا اور کافی عرصے بعد ان کی کوئی فلم فلاپ ہوئی تھی، انہوں نے کہا کہ ’لال سنگھ چڈا‘ سے ان کی دلی وابستگی تھی اور اس پر فلم کی پوری کاسٹ نے بہت زیادہ محنت کی تھی، عامر خان کا کہنا تھا کہ فلم کی ناکامی کے باوجود بہت سے لوگوں نے اس کو سراہا اور دوست احباب نے ان کے گھر آکر انہیں تسلی دی، انہوں نے مزید کہا کہ فلم کو بنانے میں کئی مرحلوں پر غلطیاں ہوئیں اور اس ناکامی سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔
واضح رہے لال سنگھ چڈھا ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہو گئی تھی، سوشل میڈیا پر عامر خان کی اس فلم کے لئے لال سنگھ جڈھا کا بائیکاٹ ہیش ٹیگ چلایا جا رہا تھا کچھ لوگ عامر خان کے پرانے متنازع بیانات کو بھی دوبارہ شیئر کر رہے تھے، عامر خان نے ایک بار ایک بیان میں کہا تھا کہ انڈیا میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی وجہ سے ان کی اہلیہ اپنے ملک میں رہنے سے ڈرتی ہیں، اس معاملے پر لوگ سوشل میڈیا پر عامر خان کی فلم کے بائیکاٹ کی اپیل کے ساتھ ساتھ انھیں غدار کہہ کر ٹرول بھی کرتے رہے۔