عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی پاکستانی سائنس فکشن فلم عمرو عیار ابتدائی تین دن میں ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب رہی، اگرچہ عمرو عیار نے سب سے زیادہ کمائی کی، تاہم اس کے ساتھ ہی فلم نابالغ افراد اور بھیڑیا بھی باکس آفس پر رنگ جمانے میں کامیاب رہیں، سسپنس، تھرلر اور جادوئی طاقتوں کے خلاف جنگ کی کہانی پر مبنی پاکستانی فلم عمرو عیار ریلیز کے پہلے تین دن میں ساڑھے چار کروڑ روپے کے بزنس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان رہی، عاشر وجاہت اور ثمر جعفری کی فلم نابالغ افراد باکس آفس پر ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کمائی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، اداکارہ کبریٰ خان اور ممتاز گوہر کی رومانوی فلم ابھی صرف ترانوے لاکھ روپے ہی کما سکی اور باکس آفس پر وہ کمائی کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہی، مرڈر مسٹری ایکشن فلم بھیڑیا عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ریلیز ہونے والی چوتھی فلم تھی جو فلم بینوں کو زیادہ متاثر نہ کر سکی اور صرف چند لاکھ روپے کا ہی بزنس کر پائی
ابتدائی طور پر نومبر 2021 میں عمرو عیار کا موشن ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا تھا، موشن ٹیزر کے ایک سال بعد جون 2023 میں فلم کا پہلا مختصر ٹیزر جاری کیا گیا تھا اور اب ایک سال بعد اس کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے فلم جاری کردی گئی، مختصر دورانیے کے ٹریلر میں عثمان مختار کو مرکزی کردار عمرو عیار کے طور پر دکھایا گیا ہے، عدنان صدیقی ان کے والد ہوتے ہیں جو انہیں بچپن میں انہیں خصوصی صلاحیتوں اور طاقتوں سے متعلق قصے کہانیاں بتاتے ہیں، فلم میں صنم سعید کو بھی اہم کردار میں دکھایا گیا ہے، انہیں عمرو عیار کے ساتھی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، حمزہ علی عباسی، سیمی راحیل، ثنا نواز اور منظر صہبائی سمیت تقریبا تمام کرداروں نے فلم بینوں کو متاثر کیا ہے۔