آسکر ایوارڈز کی تقریب میں ہالی وڈ کے متعددفنکاروں نے اپنے لباس پر سرخ بیج سجا کر غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے, آرٹسٹس فار سیز فائر نامی گروپ کی جانب سے سپر اسٹار مارک ریفلو، گلوکارہ بیلی ایلش، رامی یوسف اور دیگر نے سرخ بیج کو پہن کر تقریب میں شرکت کی، جو غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کی علامت تھا، اس موقع پر رامی یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب فنکار غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، فنکاروں کی مختلف تنظیموں نے کی جانب سے تقریب کی جگہ سے باہر نکل کر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے گئے، یاد رہے کہ آسکر سے قبل یہ سرخ بیج گریمی اور اسکرین گلڈ ایوارڈز کے موقع پر بھی استعمال کیے گئے تھے۔
کیلیفورنیا میں فلسطین کے حامیوں کی بڑی تعداد نے آسکر ایوارڈ کی تقریب سے قبل احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑکیں بلاک کردیں جس کے باعث ایوارڈ کے کچھ شرکا تقریب میں تاخیر سے پہنچے، آسکر ایوارڈز کو فلمی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے، لاس اینجلس میں آسکرز تقریب منعقد ہوئی، اس بار تقریب کی سکیورٹی انتہائی سخت تھی جس کی بنیادی وجہ فلسطینی حامیوں کا احتجاج تھا، جہاں تقریب منعقد ہوئی اس کے احاطے میں فلسطینی حامیوں نے احتجاج کیا، فلمی دنیا کے معتبر ترین اکیڈمی ایوارڈز (آسکر) کی تقریب کیلیفورنیا کے ڈولبی تھیٹر میں جاری ہے۔ 96 ویں آسکر ایوارڈز 2024 میں کل 23 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جا رہے ہیں۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ایما اسٹون لے اڑیں، روان سال 10 فلموں کو بہترین فلم کی کیٹیگری کے لئے نامزد کیا گیا ہے، آسکر 2024 میں سب سے زیادہ نظریں سائنس فکشن فلم اوپن ہائمر پر مرکوز ہیں جس نے 7 ایورڈز اپنے نام کر لئے ہیں جبکہ ’پور تھنگز‘ نے بھی 4 کیٹگریز میں جیت اپنے نام کی ہے۔