پاکستان کے معروف مگر متنازعہ ڈرامہ ساز و اسکرپٹ رائٹر خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ اداکارہ صبا قمر بیہودہ کپڑے پہنتی ہیں، وہ اب کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کریں گے، خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری سمیت سیاسی معاملات پر کھل کر اظہار خیال کیا، ان کی جانب سے اداکارہ صبا قمر کے حوالے سے بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے اداکارہ کے لباس کو بیہودہ قرار دیا، جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کون سے اداکار یا اداکارہ ہیں، جن کے ساتھ وہ کبھی کام نہیں کرنا چاہیں گے؟ تو اس پر خلیل الرحمٰن قمر نے صبا قمر کا نام لیا، ڈرامہ ساز نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ اب وہ پھر کبھی صبا قمر کے ساتھ کام کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ صبا قمر جس طرح کے بیہودہ کپڑے پہنتی ہیں، وہ ڈرامہ ساز کی حدود میں نہیں آتے، خلیل الرحمٰن قمر نے واضح کیا کہ صبا قمر بہت اچھی اداکارہ ہیں، انہوں نے ان کے سیریل میں کام بھی کیا تھا اور ان کا کام انتہائی شاندار تھا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے محتاط انداز میں کہا کہ یہ ان کا کلچر اور اخلاقیات نہیں ہیں کہ وہ اس طرح کا لباس پہننے والی اداکارہ کے ساتھ کام کریں، ان کا کہنا تھا کہ لباس کا انتخاب اور لباس کو پہننا صبا قمر کی ذاتی پسند ہے اور ان کا بھی یہ ذاتی حق ہے کہ وہ انہیں اپنے ڈراموں میں کاسٹ کریں یا نہ کریں، اس سے قبل بھی خلیل الرحمٰن قمر اداکارہ صبا قمر کے لباس پر بات کرچکے ہیں جب کہ وہ ان کے علاوہ بھی ماہرہ خان سمیت دیگر اداکاراؤں کے حوالے سے متنازعہ باتیں کرتے رہے ہیں، خلیل الرحمٰن قمر نہ صرف اداکاراؤں بلکہ اداکاروں کے حوالے سے بھی نامناسب گفتگو کرتے رہے ہیں جب کہ انہیں خواتین اور خصوصی طور پر عورت مارچ کے منتظمین کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر تنقید کا سامنا رہتا ہے۔