کراچی ایئرپورٹ کے قریب گزشتہ رات غیر ملکیوں کے قافلے پر حملے کی ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ خودکش تھا، جس کا مقصد چینی شہریوں کو نشانہ بنانا تھا، تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب مہران کار میں سوار حملہ آور غیر ملکیوں کے نکلنے کا انتظار کررہا تھا، تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ جیسے ہی وہ ان کے قریب پہنچے تو دہشت گرد نے مہران کار کو غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرادی جس سے زور دار دھماکا ہوا اور کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، ذرائع نے مزید بتایا کہ کار میں ممکنہ طور پر بارودی مواد موجود تھا جس سےگاڑی مکمل تباہ ہوگئی، کار کی نمبرپلیٹ، انجن اور چیسز نمبر حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے آئی جی سندھ کو پیش کریں گی، کراچی دھماکے سے متعلق خصوصی ٹیم میں بم ڈسپوزل ایسٹ، ساؤتھ اور ویسٹ کی ٹیمیں شامل ہوں گی، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں، دھماکے میں ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق زخمیوں کے بیانات لے لئے گئے ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے، واضح رہے کہ رات گئے کراچی میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ سگنل کے قریب دھماکا ہوا تھا، بم ڈسپوزل ایسٹ کے انچارج عابد شاہ نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے مخلتف شواہد جمع کیے ہیں، تمام سیمپل کو لیبارٹری بھیجا جائے گا، دھماکے سے 15 گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں، رپورٹ کی روشنی میں اصل حقائق سامنے آئیں گے، واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے جب کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں، اُدھر پاکستان کے دفتر خارجہ نے کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان شہر کراچی کے ایئرپورٹ کے قریب دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں حملے میں دو چینی انجینئرز جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، قبل ازیں چینی سفارتخانے نے گزشتہ رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب خود کش دہشت گرد حملے اور اس میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کی ہے، ایک بیان میں سفارتخانے نے کہا کہ ہم پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے قافلے کو دھماکے سے نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہیں۔
1 تبصرہ
چینیوں پہ حملہ دراصل پاکستانیوں پہ حملہ ہے یہ نہیں ہونا چاہیے اور ہمیں جو ہے چیمیوں کی حفاظت کے لیے بہت اچھے نظام ترتیب دینے ہوں گے چینیوں کی حفاظت فوج کے بس کی بات نہیں ہے بلکہ ہم سب کو مل کے ان کی حفاظت کرنی ہوگی