اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے علاقے میں زبردست حملہ کیا جس کے بعد دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، دھماکوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب جنوبی لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ سرحدی علاقے کریات شیمونہ پر درجنوں میزائلوں سے حملہ کردیا، فوجی بیان کے مطابق اس واقعے کے بعد شمالی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے گئے جبکہ اسرائیل کی سرکاری ایمرجنسی ٹیموں نے میزائلوں کی زد میں آنے والے علاقے کی تلاشی لی جس کے دوران معلوم ہوا کہ میزائل حملوں سے املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ اسرائیلی حکومت اور میڈیا کسی جانی نقصان کی اطلاع کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کرتی ہے، اُدھر امریکہ نے ایک تشدد پسند انتہا پسند اسرائیلی گروپ تاوز 9 پر غزہ کے لئے انسانی امداد کے قافلوں کو روکنے اور نقصان پہنچانے پر پابندیاں عائد کردی ہیں کیونکہ محصور فلسطینی علاقے میں قحط کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس گروپ پر غزہ کیلئے امدادی ٹرکوں کو لوٹنے اور آگ لگانے کا الزام لگایا، امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کو مزید بگڑنے سے روکنے اور قحط کے خطرے کو کم کرنے کے لئے انسانی امداد کی فراہمی بہت ضروری ہے۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فوجی کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کو شہید جبکہ کئی کو حراست میں لے لیا ہے، اسرائیلی فوج نے اس واقعے کو ایک معمول کا چھاپہ قرار دیا ہے، یہ کارروائی قبطیہ نامی علاقے میں کی ہے۔