پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے کہ اگر آئی ایم ایف نے پاکستان سے کوئی بات چیت کرنی ہے تو پہلے وہ یہ شرط واضح کر دے کہ جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے، ان میں مکمل طور پت الیکشن آڈٹ کرایا جائے، دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف نے تین مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا اعلان کیا ہے اور عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو پارٹی کی چیئرمین شپ کا امیدوار نامزد کیا ہے، اُدھر تحریک انصاف نے جمعے کی صبح 10 بجے پنجاب اسمبلی کے باہر عوامی احتجاج کی کال دی ہے، ایک پیغام میں رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے کہا کہ جتنے تحریک انصاف کے امیدوار پنجاب کی صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتے لیکن انھیں فارم 47 کی جعل سازی کے ذریعے ہرایا گیا ہے، وہ کل صبح 10 بجے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے آگے کارکنان کے ہمراہ پرامن احتجاج کریں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی کا آڈٹ سپریم کورٹ کے تحت کرایا جائے تو بہت اچھا ہے، راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ مجھے عمران خان نے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو ایک خط لکھیں گے، انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف، یورپی یونین اور دیگر اداروں کا ایک چارٹر ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ قرض دینے یا کسی ملک کے ساتھ کام کرنے کے لئے وہاں گڈ گورننس ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ گڈ گورننس کی سب سے اہم شرط جمہوریت ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کا مینڈیٹ آٹھ فروری کے الیکشن میں چوری کیا گیا، انھوں نے کہا کہ اگر الیکشن صاف اور شفاف نہیں تھے تو کوئی بھی ادارہ ایسے ملک کو قرض دینے سے گریز کرے گا کیونکہ ایسا قرض لوگوں پر مزید بوجھ ڈالے گا کیونکہ ایسی حکومت اس قرض کو واپس کرنے میں ناکام رہے گی، انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن نتائج کا آڈٹ چاہتی ہے اور یہ شرط آئی ایم ایف کے سامنے رکھی جائے گی۔
1 تبصرہ
پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کرپشن کرتی ہیں اور قرضہ لیتی ہیں اربوں ڈالر میں الیکشن خریدا اب وہ کرپشن کے ذریعے پیسہ بنائیں گے اور اگلے الیکشن کی تیاری کریں گے اور یوں پاکستان میں یہ شیطانی چکر چلتا رہے گا اور پاکستان کی عوام غیرملکی قرضہ اتارتے اتارتے مر جائیں گی پھر اگلی نسل آئے گی اور وہ بھی یہی کام کرئے گی، عمران خان نے خط لکھنے کا درست فیصلہ لیا ہے۔