چینی کمپنی نے ایسا روبوٹ متعارف کروایا ہے، جس کی روزمرہ کے کام کرنے کی صلاحیت دیکھ کر بہت سے لوگ دنگ رہ گئے ہیں کیوں کہ اس کے مقابلے میں ٹیسلا اور دوسری کمپنیوں کے روبوٹ بچگانہ لگتے ہیں، پچھلے چند برس میں جو روبوٹ آئے وہ جسمانی کام کرنے کے لحاظ سے کچھ زیادہ متاثر کن نہیں تھے، زیادہ سے زیادہ وہ چل پھر لیتے تھے یا پھر چھوٹے موٹے کام سرانجام دینے کے قابل ہوتے تھے، چین کی ایسٹری باٹ روبوٹس کمپنی نے ایک ویڈیو جاری کر کے مصنوعی ذہانت سے لیس ایک روبوٹ کی صلاحیتوں کی نمائش کی ہے، جس میں کپڑے استری کرنا، کیلا چھیلنا اور بوتل کا ڈھکن کھولنا جیسے کام شامل ہیں، جو اس سے قبل موجودہ روبوٹوں کے بس سے باہر قرار دیے جاتے تھے، وائرل ہونے والی ویڈیو میں روبوٹ کو ریئل ٹائم میں ایسے مشکل اور پیچیدہ کام کرتے دکھایا گیا ہے جو بہت سے انسانوں کے لیے بھی کرنا مشکل ہیں، مثال کے طور پر کاغذ کے گولے کو کوڑے کی ٹوکری میں پھینکنا، چینی رسم الخط میں خطاطی اور مہارت سے کپڑے استری کرنا۔
ایسٹری بوٹ کی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے 2022 میں کام کا آغاز کیا تھا اور اسے اپنا پہلا انسان نما روبوٹ ایس 1 تیار کرنے میں ایک سال کا وقت لگا تھا، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایس 1 ایک جدید ترین پروڈکٹ ہے اور اس کی کارکردگی انسانی کارکردگی کے قریب ترین ہے، اس روبوٹ کی ایک اور خاص بات اس کی رفتار ہے اور یہ بہت تیزی سے کام کرتا نظر آتا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ پر مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں اور یہ اسی سال فروخت کے لئے پیش کر دیا جائے گا، فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ روبوٹ کس رفتار سے چل سکتا ہے، سوشل میڈیا پر اس روبوٹ کی کارکردگی پر تبصرے کیے جا رہے ہیں، ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا اس کی لکھائی مجھ سے بہتر ہے، تاہم ایک صارف نے شک و شبے کا اظہار کرتے ہوئے ایکس پر لکھا خبردار رہیں، ہمیں جوش میں آنے سے پہلے اس کا لائیو ڈیمو دیکھنا ہو گا، چین شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن اگر یہ ویڈیو اصلی ہے تو انتہائی متاثر کن ہے۔